کراچی(اسٹاف رپورٹر)ادارہ پاکستانی بیانیہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ذو القرنین احمد شاداب احسانی نے کہا ہے کہ جس قوم کا بیانیہ ایک نہ ہو، وہ قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی اور تقسیم در تقسیم ہوتی جائے گی۔انہوں نے پریس کلب میں ’’قومی تشخص اور ترقی کے لئے پاکستانی بیانیہ کی اہمیت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں کہا کہ ایک بیانیے سے نہ صرف کرپشن میں کمی آئے گی، بلکہ اس کے اثرات سیاست پر بھی مثبت مرتب ہوں گے۔معروف ماہر لسان رضوان صدیقی، پریس کلب کے صدر احمد خان ملک، جنرل سیکریٹری مقصود احمد یوسفی، اے ایچ خانزادہ اور راشد عز یز بھی موجود تھے۔پروفیسر شاداب احسانی نے کہا کہ بیانیہ ایک نہ ہونے سے غربت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر پاکستانی قوم اور تمام صوبے ایک زبان پر اتفاق کر کے اکائی کی طرح شاہراہ پاکستان پر چل پڑیں، تو یہ مثالی صورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ’’ادارہ پاکستانی بیانیہ چاہتا ہے کہ پاکستانی جملہ زبانیں پاکستانی بیانیے کی حامل ہو جائیں۔احمد ملک نے کہا کہ قوم کے مستقبل کے لیے ہمارا قومی بیانیہ ہونا ضروری ہے۔پریس کلب قومی بیانیے کے لیے ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے۔