آئی جی پنجاب تبادلے پر الیکشن کمیشن۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ٹھن گئی

لاہور (خبرایجنسیاں )آئی جی پنجاب کے تبادلے پر الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں ٹھن گئی۔ اس سلسلے میں پنجاب کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی پولیس پنجاب کے تبادلے کے احکامات روکے جانے پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باقاعدہ احتجاجی مراسلہ بھیج دیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات آئی جی پولیس پنجاب کے تبادلے کے بعد متاثر نہیں ہو سکتے۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا 3 ستمبر کا حکم صوبے کے پولیس چیف کو تبدیل کرنے میں رکاوٹ نہیں، ضمنی الیکشن کے اضلاع میں تقرر و تبادلے سے الیکشن کمیشن نے منع کیا تھا جبکہ آئی جی پنجاب کا تبادلہ صوبے کی مشاورت سے طریقہ کار کے مطابق کیا گیا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کے دوران آئی جی پنجاب کے تبادلے کو احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا جبکہ حکومت نے اسے درست اقدام قرار دیتے ہوئے موٴقف اپنایا کہ آئی جی پنجاب کو حکومتی ٹاسک پورا نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔دریں اثناء آئی جی محمد طاہر نے چوہنگ ٹرینگ سنٹر میں منعقدہ لیڈیز پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت نہ کر کے پنجاب حکومت کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ۔اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔

Comments (0)
Add Comment