50 لاکھ گھروں کا منصوبہ شروع-نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پانچ سالوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے ’’ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘‘ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 شہروں میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے سمیت کچی آبادیوں میں بڑی عمارتیں بنائی جائیں گی۔ملک کوآج 10 سے 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔اس وقت آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے۔قرضوں کی قسطیں واپس کرنے کے لیے پیسہ چاہئے۔10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، اگر منی لانڈرنگ روک دی جاتی تو آج ہمیں ڈالر کی کمی سامنا نہ ہوتا۔ اصلاحات کے اثرات 6 ماہ بعد آئیں گے۔ وہ اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی میں ’ون ونڈو‘ سسٹم کے تحت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس اتھارٹی کی نگرانی خود کروں گا۔یہ اتھارٹی 90 دن میں قائم کی جائے گی، تاہم جب تک اتھارٹی قائم نہیں ہوتی۔اس دوران ٹاسک فورس ہاؤسنگ اسکیم پر کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر پرائیویٹ ادارے کریں گے، جب کہ رکاوٹیں ختم کرنا اور تعاون کرنا حکومت کا کام ہوگا۔گھروں کے لیے60 دنوں میں رجسٹریشن مکمل کرنی ہے۔ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز 7 اضلاع فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد سے ہوگا۔ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کر آئے گی۔وزیراعظم نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے بھی ہاؤسنگ اسکیم شروع کریں گے۔پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے اثرات 6 مہینوں بعد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment