ضمنی الیکشن – ن لیگ – پی پی – مجلس عمل کا پی ٹی آئی کیخلاف اتحاد

لاہور/کراچی (خبرایجنسیاں)مجلس عمل نے لاہور، پیپلز پارٹی نے گجرات کے ضمنی انتخاب میں نوازلیگ کی حمایت کا اعلان کردیاجبکہ نوازلیگ سندھ میں پی پی کے امیدواروں کوسپورٹ کرے گی۔تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل نے لاہورکےضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نواز کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔یہ اعلان حلقہ 131 سے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی کی رہائش گاہ پر متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ جس میں شاہ اویس نورانی، چودھری یعقوب،پیر محفوظ مشہدی، مولانا سردار محمد خان لغاری،ڈاکٹر جاوید اختر،بیرسٹر اویس رضا ہاشمی، مولانا راغب نعیمی، رانا رحمت علی،مولانا علی محمد تراب، شفیق پسروری، مولانا اشرف گجر، بلال میراور دیگر شامل تھے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے اعلان کیا کہ ایم ایم اے کی پانچوں جماعتیں جمعیت علما پاکستان، جماعت اسلامی،جمعیت علمائے اسلام ، اسلامی تحریک اور مرکزی جمعیت اہل حدیث مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی نظریاتی بنیادوں پر حمایت کریں گی۔ہم جمہوریت اور سول بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، بلکہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے ملک پر مسلط کی گئی۔ جس نے آتے ہی مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے اور لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔شاہ اویس نورانی نے کہا کہ ملک کسی غیر جمہوری نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا، عملی طور پر نیم مارشل لاء نافذہے۔ خواجہ سعد رفیق نے ایم ایم اے کی جماعتوں کا مسلم لیگ ن کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی پہلی حکومت ہے جو اپوزیشن کے گلے پڑ رہی ہے۔ عمران خان کا لب ولہجہ وزیراعظم جیسا نہیں لگتا۔ملک اسلام کا گہوارہ بنے گا، غربت اورفرقہ واریت کو ختم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ادھر پیپلزپارٹی نے گجرات کے ضمنی انتخاب میں نوازلیگ کی حمایت کا اعلان کردیا۔پارٹی کی مقامی قیادت کا اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں این اے 69 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی عمران ظفر کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر چودھری ضیاء محی الدین نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حاجی عمران ظفر مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے مشترکہ امیدوار ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنان حاجی عمران کو ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔ دوسری جانب پنجاب میں مسلم لیگ نون کی حمایت کے بدلے سندھ کے ضمنی انتخابات میں نون لیگ نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔یہ اعلان پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ نون کے رہنماں کی ملاقات کے بعد مسلم لیگی رہنماں نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے وفد نے صوبائی سیکریٹری جنرل وقارمہدی کی قیادت میں مسلم لیگ ن سندھ کے سابق صدرشاہ محمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اورضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے لیے حمایت پرتبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں پیپلزپارٹی کے راشد ربانی دیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں مسلم لیگ بزنس فورم کے صدر مرزااشتیاق بیگ کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنماں نے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی حمایت اوران کی انتخابی مہم چلانے کا بھی اعلان کیا۔مسلم لیگ سندھ کے سابق صدرشاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سندھ کے تمام امیدوار جو ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں آج پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردارہو جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment