انقرہ(امت نیوز)ترک سرکاری میڈیا نے سعودی عرب کے معروف صحافی جمال خشوگی کو اغوا کر کے سعودی عرب پہنچانے کا نیا دعویٰ کر دیا۔ اخبار صباح نے دعویٰ کیا کہ اس نے2 اکتوبر کو سعودی عرب سے استنبول پہنچنے والی 15 رکنی ٹیم کی شناخت کر لی ہے ،جو مبینہ طور پر جمال خشوگی کے اغوا میں ملوث ہے۔ اخبار نے اس ٹیم کے ارکان کے نام اور تاریخ پیدائش شائع کی ہے ،جو مبینہ طور پر پاسپورٹوں سے حاصل کی گئی۔ اخبار کے مطابق سعودی ٹیم نے استنبول میں سعودی قونصلیٹ کے قریب 2 ہوٹلوں میں قیام کیا۔ اس کے بعد وہ قونصل خانہ پہنچی اور واپس چلی گئی۔ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ چینل نے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج ریلیز کر دی ہے۔اس ویڈیو میں مبینہ سعودی انٹیلی جنس افسران کو خصوصی طیارے پراستنبول ہوائی اڈے کے ذریعے ترکی میں داخل ہوتے اور روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں سیاہ گاڑیوں کو قونصل خانے کی جانب جاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمال خشوگی 2 اکتوبر کو سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے اور اس کے بعد انھیں کہیں نہیں دیکھا گیا۔سعودی عرب الزامات کی تردید کر چکا ہے۔