نواز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم و ن لیگ کے قائد نواز شریف نے وزارت داخلہ سے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے کو غیر قانونی اقدام قرار دیا ہے۔ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے سیکریٹر ی داخلہ کو الگ الگ خطوط لکھے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ای سی ایل میں نام ڈال کر آئین کے آرٹیکل 4، 15 اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی، احتساب عدالت نے کرپشن کے الزام سے بری کیا اور نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی بنیاد پر سزا معطل کی۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہائی کا حکم دیتے ہوئے کوئی پابندی نہیں لگائی اور کسی بھی عدالت نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم نہیں دیا، ہم قانون پر عملدر آمد کرنے والے شہری ہیں، احتساب عدالت نے عدم موجودگی میں سزائیں سنائی اور ہم نے رضا کارانہ طور پر گرفتاری بھی دی۔خط میں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ’وفاقی حکومت کا ای اسی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیرآئینی و غیرقانونی ہے، آئین کے تحت کسی بھی شخص کو اس کی آزادی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، بدعنوانی یا اختیارات کے غلط استعمال کا کوئی جرم نہیں کیا، ریاست کیخلاف کوئی سازش یا دہشتگردی بھی نہیں کی۔ جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے میں بیرونِ ملک سفر پر بھی پابندی نہیں لگائی گئی۔خط میں کہا گیا کہ تینوں نے عدالت کے سامنے پیش ہونے کے بانڈز جمع کروا رکھے ہیں، جبکہ درخواست کی گئی کہ ان کے نام ای سی ایل سے نکالے جائیں۔دریں اثنا وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے درخواست وزارت داخلہ کو دی ہے ۔ان کا نام وزارت داخلہ نہیں کابینہ نے ای سی ایل میں شامل کیا ہے۔کابینہ ہی فیصلہ کرسکتی ہے۔جب معاملہ کابینہ کے سامنے آئے گا تو پھر دیکھیں گے۔

Comments (0)
Add Comment