لاہور(امت نیوز)چیئرمین احسان مانی نے لاہور میں میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ مذکورہ کمیٹی ہی کھیل سے متعلق امور سنبھالے گی،البتہ ارکان کے نام ابھی ظاہر نہیں کیے جا سکتے،انھوں نے اپنے لیے مشیروں کے تقرر کو خارج از امکان قرار دیا۔چیئرمین کے مطابق بورڈ میں2،3 ماہ میں تبدیلیوں کا آغاز اور رائٹ سائزنگ ہو گی، چیف ایگزیکٹیو افیسر کا تقرر کیا جائے گا، بورڈ کے آئین میں بھی تبدیلی ضروری ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہم نے سابق کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے مشاورت شروع ہوچکی ، میں کسی کا نام نہیں لوں گا مگر جس کے بارے میں بھی ایسا محسوس ہوا کہ وہ ملکی کرکٹ کی بہتری کیلیے کچھ کر سکتا ہے اسے کمیٹی میں شامل کر لیں گے۔سابق کھلاڑی کھیل کی باریکیاں سمجھتے ہیں اور وہی اس حوالے سے معاملات سنبھالیں گے۔انھوں نے کہا کہ میرا اپنے لیے مشیر رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں اور کرکٹ کمیٹی ہی کو ہی مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔احسان مانی نے کہا کہ میرا تقرر 36 ماہ کے لیے ہوا اور ابھی عہدہ سنبھالنے ایک مہینہ ہی گذرا ہے، ابھی میں معاملات سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرا مقصد پی سی بی کو ایک پروفیشنل ادارہ بنانا ہے جسے پروفیشنل افراد ہی چلائیں گے۔