بنکاک(امت نیوز)تھائی حکام نے ایسے 70 پاکستانیوں کو واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دے رکھی تھیں۔ انہیں جرمانے کے ساتھ ساتھ دو ماہ کی معطل قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔تھائی لینڈ کے ضلع تالینگ چان کی عدالت میں ان 70 پاکستانیوں پرغیرقانونی داخلے اور ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد غیرقانونی قیام جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہیں ملک بدری تک ایک حراستی مرکز میں قید رکھا جائے گا۔ گروپ میں شامل ایمانویل شان نے اے پی کو بتایا کہ عیسائیوں اور قادیانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔تھائی پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان پاکستانیوں کو دیگر ممالک بھیجنے کے لیے پہلے تھائی لینڈ اسمگل کیا گیا تھا۔