اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی طرف سے اپنی معزولی کی سفارش پر کہا ہے کہ ان کے لیے یہ فیصلہ غیر متوقع نہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ تقریباً 3سال پہلے سرکاری رہائشگاہ کی مبینہ آرائش کے نام پہ شروع ہونے والے ایک بے بنیاد ریفرنس سے پوری کوشش کے باوجود جب کچھ نہ ملا تو ایک بار ایسوسی ایشن سے میرے خطاب کو جواز بنا لیا گیا جس کا ایک ایک لفظ سچ پر مبنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے مطالبے اور سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود یہ ریفرنس کھلی عدالت میں نہیں چلایا گیا نہ ہی میری تقریر میں بیان کیے گئے حقائق کو جانچنے کے لیے کوئی کمیشن بنایا گیا۔ جسٹس شوکت صدیقی نے مزید کہا کہ وہ اپنا تفصیلی مؤقف بہت جلد عوام کے سامنے پیش کریں گے۔ ان کے وکیل حامد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ اگرچہ سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں ہو سکتی لیکن وہ اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لیکر جائیں گے۔