نئی دہلی(امت نیوز)براہموس میزائل کے سائنسدان نے کینیڈا میں نوکری کے لالچ میں راز بیچے۔ بھارتی میڈیا نے حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ براہموس میزائل کے ناگ پور یونٹ سے گرفتار نشانت اگروال کو کینیڈا میں30ہزار ڈالر ماہانہ نوکری کی پیشکش کی گئی تھی۔یوپی کے اے ٹی ایس تفتیشی افسر نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ نشانت اگروال فیس بک پر نیہا شرما اور پوجا رنجن سے رابطے میں تھا اور یہ اکائونٹ مبینہ طور پر آئی ایس آئی اسلام آباد سے چلا رہی تھی۔اس طرح کے فرضی اکائونٹ بھارت میں سینئرافسران سے رابطہ کرنے کے لئےاستعمال کئے جاتے ہیں۔ان فرضی خواتین کے ذریعے نشانت کا رابطہ کینیڈا کی رہائشی ظاہر کی جانے والی سیجال کپور سے کرایا گیا ،جس نے اسے نوکری کی پیشکش کرکے اہم معلومات حاصل کر لیں ۔اس کے علاوہ "لنکڈان” کے ذریعے سائنسدان کے ذاتی لیپ ٹاپ سےبہت سی خفیہ اطلاعات ہیک کی گئیں۔ بھارتی پولیس اور ملٹری انٹیلجنس نے نشانت اگروال کو پاکستان کو براہموس میزائل کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔براہموس ایرواسپیس بھارت کے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آرڈی او) اورروس کے "ملٹری انڈسٹریل کنسورٹیم” کا مشترکہ منصوبہ ہے۔