ضمنی الیکشن کیلئے کراچی – خیرپور میں ڈبل سواری بند کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے 14 اکتوبر کو کراچی میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ایک ایک حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ہفتے کی رات سے کراچی اور خیرپور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا بھی طے کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں کراچی سمیت خیرپور کے صوبائی حلقے کی بھی تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر پاک فوج کی جوان تعینات ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق 14 اکتوبر کو سندھ میں بھی 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ جن میں کراچی کا ایک قومی اور صوبائی اسمبلی کا حلقہ اور ایک ضلع خیرپور کا صوبائی اسمبلی کا حلقہ شامل ہے۔ عمران خان کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 243، ضلع ملیر کی پی ایس 87 اور خیرپور کی پی ایس 30 کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونگے۔ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ 243 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 216 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، مذکورہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 2 ہزار 731 ہے۔ ذرائع کے مطابق این اے 243 ، پی ایس 87 ملیر پی ایس 30 خیرپور کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر سیکورٹی کے حوالے سے پاک فوج کے جوان پولیس کے ساتھ تعینات ہوں گے۔ 25 جولائی کے عام انتخابات کی طرح ضمنی انتخابات کے دوران بھی کسی بھی ووٹر وغیرہ کو اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اور تمام جماعتوں اور امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کے تحت عمل درآمد کرایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کراچی کے دو حلقوں میں ہو رہے ہیں تاہم اس حوالے سے کراچی کے پورے شہر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں گے اور اس حوالے سے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو زیادہ متحرک ہو گا جبکہ کراچی کے داخلی و خارجی راستوں سمیت عوامی مقامات کی سخت نگرانی کی جائے گی۔ کراچی شہر کے ساتھ 14 اکتوبر ضلع خیرپور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے گی۔ مذکورہ پابندی کا اطلاق ہفتے کی رات سے ہو گا۔ جبکہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے بھی بیلٹ پیپرز کی چھپائی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ کل متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسران کو بیلٹ باکس، اسٹیشنری، سیاہی اور بیلٹ پیپرز سمیت متعلقہ سامان تقسیم کیا جائے گا۔ انتخابی عملے کو ہفتے کی رات سے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور (ایجنسیاں) ملک میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں حساس قرار دیئے جانیوالے پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج کے اہلکار تعینات کرنے کافیصلہ کیاگیاہے جبکہ مقامی انتظامیہ بھی پاک فوج کیساتھ ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ پنجاب کے وزیر قانون وپارلیمانی امور راجہ بشارت کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ضمنی انتخابات سے قبل تمام ڈویژنل کے کمشنرز اور آر پی اوز سے ویڈیولنک کے ذریعے بریفنگ لی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضمنی انتخابات کے دوران انتظامیہ نے جس حلقے کو حساس قرار دیا وہاں فوج تعینات کی جائے گی۔امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مقامی انتظامیہ فوج کے ہمراہ ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ انتخابات کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائے گی اوران کیمروں کی مانیٹرنگ کے لئے اضلاع میں کنٹرول رومز بنائے جائیں گے جہاں سے الیکشن کی صورتحال کو مانیٹر کیاجائے گا۔

Comments (0)
Add Comment