پاکستانی بالر محمد عباس کی درجہ بندی میں ترقی

دبئی (امت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تازہ درجہ بندی جاری کردی جہاں محمد عباس سمیت پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔فاسٹ بالر محمد عباس نے دبئی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم پاکستان کو میچ نہ جتواسکے تھے۔دبئی ٹیسٹ میں بہترین بالنگ کے بعد وہ کریئر کی بہترین پوزیشن 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں بالر ز کی تازہ درجہ بندی میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے اور ورنن فلینڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔بہترین 10 بالرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی نہیں۔بھارت کے رویندرا جدیجا چوتھے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پانچویں اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز چھٹے نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ بالرز کی درجہ بندی میں سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ ساتویں، بھارت کے روی چندرن ایشون آٹھویں، نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نو اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کے تجربہ کار اسپنر یاسر شاہ 21، وہاب ریاض 32 اور بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد عامر 34 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Comments (0)
Add Comment