بینک گارڈ نے خودکشی کرلی اتفاقیہ گولی لگنے سے محافظ ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میمن گوٹھ میں بینک کے سیکورٹی گارڈ نے خودکشی کرلی۔گلشن معمار میں سیکورٹی گارڈ سے اتفاقی گولی چلنے سے اس کا ساتھی ہلاک ہوگیا۔پولیس نے گارڈ کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ میں واقع بینک کی سیکورٹی پر تعینات سیکورٹی گارڈ نے واش روم میں جاکر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔میمن گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 28 سالہ محمد جوڑیل ولد محمد عمر کے نام سے ہوئی۔وہ پاک سیکورٹی کمپنی کا گارڈ تھا۔وہ معمول کے مطابق جمعہ کو بینک آیا اور کچھ ہی دیر بعد واش روم میں جاکر خودکشی کرلی۔گلشن معمار کے علاقے سیکٹر ایس میں گلی کی سیکورٹی پر تعینات گارڈ منور سے اتفاقی طور پر گولی چل گئی، جو ساتھی گارڈ کو لگنے سے وہ ہلاک ہوگیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔امت کو ایس ایچ او جمشید خان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ سنیل کمار ولد بھولونات کے نام سے ہوئی۔وہ کئی ماہ سے مذکورہ مقام پر اپنے ساتھی گارڈ منور کے ساتھ ڈیوٹی کررہا تھا۔

Comments (0)
Add Comment