کراچی(پ ر)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کے چیئرمین جاوید مہر شمسی کی زیر صدارت اجلاس میں اخباری صنعت کو درپیش بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے باعث اخبارات خصوصاً چھوٹے اور علاقائی اخبارات کے لیے اپنی اشاعتیں جاری رکھنا ناممکن ہوگیا، جس سے بڑی تعداد میں کارکنوں کی بے روزگاری کا اندیشہ ہے۔کمیٹی نے سندھ حکومت کی جانب سے اشتہارات میں کمی اور ڈمی اخبارات کو اشتہارات جاری کرنے کی پالیسی اور واجبات کی عدم ادائیگی کی پالیسی پر تشویش کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ صورتحال کے تدارک کے لیے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جائے۔وفاقی حکومت سے متعلق مسائل پر گورنر سندھ سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جائے گی۔اجلاس میں یونس مہر، قاضی اسد عابد ،بلال فاروقی ، نجم الدین شیخ ، محمد سلیم ،علی بن یونس، زاہدہ عباسی،عثمان عرب ساطی،قاضی سجاد اکبر ،عبدالراحمن منگریو،فیصل شاہ جہاں، منگل داس اروانی ،امتیاز اختر ، ممتاز علی پھلپھوٹو ، اقبال حسین تونیو،مختار عاقل، علی بخش موو، نصراللہ جمالی، سید اکبر طاہر اور قاضی مصطفی عباسی نے شرکت کی۔