اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے حکومت کیخلاف جعلی خبروں پر پیمرا سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا وفاقی وزیر اسد عمر اور شہر یار آفریدی کیخلاف بے بنیاد خبروں کا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، ایجنڈے کے تحت پی ٹی آئی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے خلاف متحرک وزیر کی کردار کشی قابل افسوس ہے۔ قبل ازیں ایک میڈیا گروپ کی جانب سے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کیخلاف جعلی خبر چلائی گئی کہ وزیر مملکت کی جانب سے شاہ خرچیوں کا وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیا ہے جبکہ ایک اور خبر چلائی گئی کہ وزیر اعظم وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔