دوشنبے(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کی بھرپور حمایت کرتا ہے کیوں کہ ہم مشترکہ مفادات کےلیے مل کرکام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اورعلاقائی تنازعات اہم چیلنج ہیں، جن سے نمٹنا ضروری ہے، شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں قیام امن کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، باہمی تعاون سے مشترکہ اہداف کا حصول ممکن ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے ناصرف دہشت گردی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے بلکہ باہمی تجارت کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے لیے مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کانٹیکٹ گروپ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کے مابین تجارتی روابط پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان میں ہاہمی فائدے کے بڑے مواقع موجود ہیں، موجودہ حکومت کا معاشی ایجنڈا پاکستانی عوام سمیت خطے کے لئے بھی فائدہ مند ہے، سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو بڑے ثمرات حاصل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کےخلاف اہم کردار ادا کیا، افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کے لئے اہم ہے، عالمی تجارت کے لیے امن کا قیام ناگزیرہے۔