اسلام آباد(نمائندہ امت)کفایت شعاری مہم کے دوسرے مرحلے میں مزید 274 گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔ وزیرِاعظم ہاؤس کی 48، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی 6گاڑیاں اورایک موٹرسائیکل جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 219گاڑیاں شامل ہیں۔وزیرِاعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی 17 اکتوبر کو ہو گی۔ ان میں 2بم پروف،20 بلٹ پروف اور 27 نان بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں۔ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے دور میں خریدی گئی 2016ء ماڈل کی 9 گاڑیاں بھی نیلامی میں رکھی جائیں گی۔پندرہ اور سولہ اکتوبر کو عوام وزیرِاعظم ہاؤس میں گاڑیوں کا معائنہ کر سکیں گے۔ دوسرے مرحلے کے لیے ان گاڑیوں پر ایف بی آر سے ٹیکسز کو کم کروا کر نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہاہے۔ ایف بی آر گاڑیوں کی نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کرے گا۔