لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور اور راولپنڈی میں ترک کمپنیوں کو دینے جانے والے کچرے اٹھانے کے ٹھیکے میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ دنیا میں کچرا اٹھانے کا مہنگے ترین ٹھیکے بن گئے ہیں ۔گزشتہ 7 برس میں 45 ارب روپے کی ادائیگی ڈالرزمیں کی جا چکی ہے ۔جب کہ دونوں شہروں میں فی ٹن کچرا 49 ڈالر کے حساب اٹھایا جارہا ہے ۔جب کہ یہی کمپنیاں ترکی میں 34 ڈالر فی ٹن ،بیجنگ میں 23 ڈالر فی ٹن اوردہلی میں 17 ڈالر فی ٹن کے حساب سے کچرا اٹھارہی ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق کچرے اٹھانے کی پیمائش میں بھی گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ۔عالمی ودیگر اداروں کی تحقیق کے مطابق پاکستان میں فی فرد4 .0 کلو کچرا پیدا ہوتا ہے ۔جب کہ کمپنیاں سو فیصد 1 کلو فی کس چارج کررہی ہیں ۔ادائیگیوں کے باوجود معاہدے کی شق پر عمل نہیں کیا۔جب کہ ہر گھر میں شاپنگ بیگ دینے تھے جس میں شہری کچرا بھر کر گلی کے کنارے پر رکھ دیتے لیکن کمپنیوں کی جانب سے یہ شاپنگ بیگ فراہم نہیں کئے گئے ۔معاہدے کے مطابق لاہور کی 136 سڑکوں کی یومیہ مکینکل صفائی ہونی تھی جو صرف 3 سے 4 سڑکوں تک محدود ہے ۔جب کہ لاہور کی 80 سڑکوں کی روز دھلائی ہونی تھی ، مہینے میں صرف ایک بارچند سڑکیں دھوئی جارہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے کچرے اٹھانے میں گھپلے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔