فلوریڈا(امت نیوز) امریکی تاریخ کے ہولناک سمندری طوفان مائیکل سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ زبردست تباہی اور لاکھوں افراد کے متاثر ہونے پر فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ریاست میں فوج بھی طلب کرلی گئی ہے، جس نے نیشنل گارڈز اور امدادی ٹیموں کیساتھ ملکر ہلاک و زخمی افراد کی تلاش و بحالی کا کام شروع کردیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق مائیکل طوفان فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی سے ٹکرا گیا۔ 249 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے ریاست میں تباہی مچادی ،جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ ٹینڈل ائیر بیس میں کھڑے F-15 طیارے اور بیس کے قریب درجنوں گھر تباہ ہوگئے، جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ بیشتر درخت اور کھمبے گر گئے۔ بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگا۔ طوفان کے بعد ایمرجنسی نافذ کرکے تباہ گھروں کے ملبے میں ہلاک اور زخمی افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کا رخ اب جارجیا کی طرف ہے، جہاں اس کی شدت کم ہوگئی ہے، جارجیا، ورجینیا اور نارتھ کیرولینا میں 50 میل فی گھنٹہ سے طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ان ریاستوں میں شدید سیلاب کی پیشگوئی اور تیز آندھی کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔