امریکی دباو پر ترکی میں قید جاسوس پادری رہا

انقرہ (امت نیوز) امریکی دباؤ کے باعث ترکی جاسوس پادری کو رہا کرنے پر مجبور ہوگیا۔ ترک عدالت نے اینڈریو برنسن کو رہا کرنے کا حکم دیدیا، جس کے نتیجے میں ترکی اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک عدالت نے پادری پر عائد سفری پابندی اور نظربندی بھی ختم کردی، جبکہ امریکی میڈیا نے پادری کی رہائی کو وائٹ ہاؤس اور انقرہ کے درمیان خفیہ ڈیل قرار دیا ہے۔ ازمیر کی عدالت نے پادری کو 3 سال 15 دن قید کی سزا سنائی تھی جو عدالت کے مطابق گرفتاری کے دن سے گزاری جا چکی ہے۔ اینڈریو برنسن کو 2016 میں فوجی بغاوت کی حمایت اور دہشت گرد گولن تحریک سے خفیہ تعلق پر گرفتار کیا گیا تھا،جس کے بعد انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ اپنے عروج پر پہنچ گیا تھا۔ واضح رہے کہ ترک صدر اردوغان نے پادری کے معاملے پر امریکہ کے سامنے ڈٹ کردنیا کو حیران کردیا تھا، اس دوران ترکی کو معاشی نقصان بھی اٹھانا پڑا تھا اور لیرا گراوٹ کا شکار ہوا، اسکے باوجود اردوغان ثابت قدم رہے، تاہم گزشتہ روز ترک حکام نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پادری کو رہا کردیا۔

Comments (0)
Add Comment