پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا ۔ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سرکاری گاڑی برآمد کرلی گئی ۔ملزمان نے دوران تفتیش گھروں میں ڈکیتیوں کے علاوہ 60 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان میں سنی تحریک کا سابق کارکن اور اجرتی قاتل بھی شامل ہے جس نے حساس ادارے اور پولیس اہلکار سمیت سیاسی جماعت کے کارکنان کوقتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملزمان جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی کے بنگلے میں گھس گئے جس پر اہلخانہ نے مدد گار 15 کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر بنگلے کا محاصرہ کرکے 4 ملزمان شاہ رخ عرف ڈان ، شیروز ، تیمور اور وہاب کو گرفتار کرکے اسلحہ اورمسروقہ سرکاری کار نمبر GL-7641 برآمد کرلی ۔ ملزمان نے دوران تفتیش ڈکیتیوں کے علاوہ 60 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ ملزم وہاب پولیس کی وردی پہن کر کسی بھی گھر کے پاس سرکاری گاڑی پارک کرکے چھاپے کے بہانےگھر میں داخل ہوکر لوٹ مار کرکے ساتھیوں سمیت فرار ہوجاتا تھا۔ ملزمان لائنز ایریا کے رہائشی ہیں ۔ملزم وہاب سنی تحریک کا سابق کارکن اور اجرتی قاتل ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم وہاب نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ کچھ سال قبل سنی تحریک میں شامل ہوا تھا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں کرتا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے اجرت لے کر حساس ادارے کے اہلکار ، اے ایس آئی اور مخالف سیاسی جماعت کے کارکنان کو قتل کیا تھا ملزم نے بتایا کہ اسے ایک قتل کا معاوضہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے ملتا تھا ۔

Comments (0)
Add Comment