بھارتی معیشت ڈانواں ڈول – روپیہ کم ترین سطح پر آگیا

نئی دہلی(امت نیوز)جنگی جنونی مودی کے دورحکومت میں بھارت کو ایشیا کی بد ترین معیشت قرار دیا جارہا ہے۔ایک جانب بھارت ہتھیاروں کے انبار لگا رہا ہے تو دوسری جانب حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث معیشت ڈانوا ں ڈول ہے۔ سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹوں سے اپنا پیسہ نکلوارہے ہیں۔ مہنگائی اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج جاری ہے۔ اس صورتحال میں بھارتی روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔ جمعہ کو ڈالر کے مقابلہ میں بھارتی روپیہ گر کر74روپے48 پیسے کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ ڈچ ملٹی نیشنل ربوبینک سے وابستہ چیف اکنامسٹ ہوگو ارکن کے مطابق بھارت میں افراط زر مزید بڑھنے کے سبب روپیہ کی قدر مزید کمزور ہو کر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 75 روپے پر آنے کا امکان ہے۔ بانڈز اور اسٹاکس کی بیرونی فروخت کے باعث بھارتی روپیہ پر دباؤ مزید بڑھ رہا ہے۔خام تیل کی بڑھتی ہوئی درآمد بھی اثر انداز ہو رہی ہے ۔ بھارتی کرنسی اس برس چودہ فیصد تک گر چکی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطا بق ریزرو بینک آف انڈیاکے ذریعہ ریپو ریٹ(ری پرچیز ریٹ)میں کوئی تبدیلی نہ کر نے پر حصص بازار اور روپے میں زبردست تنزلی ریکارڈ کی گئی۔ ممبئی میں 30 شیئرز کا سینسیکس 760 پوائنٹس کی گراوٹ سے 33 ہزار 723 پوائنٹس پر بند ہوا، یہ 11 اپریل کے بعد سے پست ترین سطح ہے ۔ این ایس ای نفٹی 10300 سے کم پر بند ہوا۔

Comments (0)
Add Comment