امارات میں 25 پاکستانی سیاستدانوں کی جائیدادیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے نے متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے بیرون ملک اثاثہ جات کیس سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا ہے تاہم سیاسی شخصیات کی جائیداد قانونی یا غیرقانونی ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ایف آئی اے کی تحقیقات میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم رکاوٹ بن گئی، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی معلومات خفیہ ہونے کے باعث ایف آئی اے کو مشکلات درپیش ہیں۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا کہ اربوں ڈالر کا سرمایہ پاکستان سے کیسے اور کیوں منتقل ہوا۔متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کا کھوج لگانے کے لیے سپریم کورٹ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 895 پاکستانیوں کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

Comments (0)
Add Comment