وظائف محروم جناح اسپتال کے ینگ ڈاکڑز کا علامتی بائیکاٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے 4 ماہ سے وظیفے کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج اور اوپی ڈیز سمیت وارڈز میں 2 گھنٹے کا علامتی بائیکاٹ کیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے احتجاج کرنیوالے ہاؤس آفیسر(ہاؤس جاب ڈاکٹرز) کا کہنا تھا کہ حکومتی عدم دلچسپی کے سبب انہیں 4 ماہ سے وظیفے نہیں مل رہے، جب اسپتال انتظامیہ سے بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ فنڈ جاری نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سینئر ڈاکٹرز کے مقابلے میں ڈیوٹی اور مریضوں کی خدمت زیادہ کرتے ہیں، اس کے باوجود ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، ہاؤس جاب کے دوران ہمیں اطمینان تھا کہ اب والدین پر بوجھ نہیں بنیں گے، لیکن اب بھی وہ والدین سے جیب خرچ لینے پر مجبور ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ احتجاج کے حق میں نہیں، نہ ہی مریضوں کو تکلیف میں ڈالنا چاہتے ہیں، اسی لئے علامتی بائیکاٹ کررہے ہیں اور اگر حکومت نے وظیفہ فوری فراہم نہیں کیا تو احتجاج کا دائرہ بڑھانے پر مجبور ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment