واشنگٹن(این این آئی)امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ نا معلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کر لیے ہیں۔ ہزاروں ورکرز کا ذاتی ڈیٹا ان ہیکرز نے چوری کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نامعلوم ہیکرز نے امریکی محکمہ دفاع میں کام کرنے والے ہزاروں ورکرز کی معلومات تک رسائی حاصل کی۔ امریکی حکومت رواں ماہ کے آغاز میں ہتھیاروں کے بڑے نظاموں کو ہیکرز کے حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے نا کافی اقدامات پر محکمہ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا کہ نامعلوم ہیکرز نے محکمہ دفاع کے سفری ریکارڈز چوری کیے۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پینٹاگون کو اس ہیکنگ کے بارے میں چار اکتوبر کو معلوم ہوا تاہم یہ ہیکنگ ممکنہ طور پر کئی ماہ پہلے ہوئی تھی۔ سائبر حملہ آور امریکی محکمہ دفاع کے قریب 30 ہزار اہلکاروں کے ذاتی اور کریڈٹ کارڈ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔