کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابراہیم حیدری میں سرکاری لائن سے کروڑوں کا خام تیل چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے ملوث 5ملزم رنگے ہاتھوں پکڑ لئے ۔ ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر کے مطابق ملزمان طویل عرصے سے سرکاری لائن سے تیل چوری کر رہے تھے، جس کا جال ملک بھر میں بچھا ہوا ہے، مذکورہ لائن کیماڑی سے آئل ریفائنری تک جارہی تھی، ملزمان لائن میں سوراخ کرکے پمپ کی مدد سے تیل چوری کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا مشینوں کی مدد سے کھینچ کر بڑے ٹینکرز میں منتقل کیا جاتا تھا، پولیس نے خفیہ اطلا ع پر ملزمان کی ریکی کی اور انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ابراہیم حیدری سے تیل چوری میں ملوث 5 ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایس پی ملیر اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔