کراچی (رپورٹ : سید علی حسن) سٹی کورٹ میں خاتون کو اقدام قتل اور دھمکیاں دینے سے متعلق مقدمے میں پھنسانے کے بعد مدعی وکیل نے صلح کے لئے خاتون سے بار روم میں آکر معافی مانگنے کی شرط رکھ دی۔ دوسری جانب عدالت نے تہمینہ اور شوہر آصف موجی کی رہائی کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق یکم اکتوبر کو سٹی کورٹ میں خاتون تہمینہ اور محمد صاحب خان ایڈووکیٹ کے درمیان جھگڑا ہوا ،جس کے بعد وکیل نے میاں بیوی کیخلاف اقدام قتل اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروایا، جس پر میاں بیوی کو گرفتا کیاگیا ۔ بعد ازاں انسداددہشت گردی کی منتظم عدالت نے مقدمہ سے انسداددہشت گردی کی دفعات ختم کیا اوردونوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا ،جبکہ درخواست پر 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ہے ۔جبکہ وکیل کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں کیاگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سماعت کے بعد دونوں فریقین کی ملاقات ہوئی ،جہاں مدعی نے خاتون کی تذلیل کرتے ہوئے اس سے بار روم میں وکلا کے سامنے معافی مانگنے کی شرط رکھ دی ہے، جس پر خاتون معافی مانگنے کے لئے راضی ہوگئی ہے ۔مدعی وکیل کا کہنا ہے کہ معاملے سے میری ساکھ متاثر ہوئی ہے بار میں خاتون معافی مانگیں تو صلح نامہ عدالت میں جمع کرواکر مقدمہ واپس لے لوں گا۔جب کہ وکیل صفائی منظور ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ مقدمہ جھوٹا ہے، تاہم فریقین صلح پر تیا رہیں ،جس کے بعد عدالت کو آگاہ کرینگے ۔