پشاور(نمائندہ خصوصی)افغانستان میں انتخابی ریلی اور شادی کی تقریب میں دھماکوں سے20افراد جاں بحق ہوگئے اور 53 زخمی ہوگئے، صوبہ لوگر کے ضلع محمدآغا کے علاقے سفیدسنگ میں ایک گھر میں شادی کی تقریب کے دوران بم پھٹنے سے 6 افغان شہری جاں بحق جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان شاہ پور احمدزئی کے مطابق گھر میں کسی نے پہلے سے بم نصب کررکھا تھا۔حکام نے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے،شمالی صوبہ تخار میں خاتون امیدوار کی ریلی میں دھماکے سے 13افراد جاں بحق جبکہ 33زخمی ہو گئے ۔ صوبہ تخار کے ضلع رستاق میں خاتون امیدوار نظیفہ بیک کی انتخابی ریلی رستاق بازار سے گزر رہی تھی کہ موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 13افراد جاں بحق جبکہ 33سے زائد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں میں 10کی حالت نازک بتائی جاتی ہے تاہم ذرائع کے مطابق نظیفہ بیک اس وقت ریلی میں موجود نہیں تھیں ۔شمالی افغانستان میں ریلی پر پہلا حملہ ہے ۔20اکتوبر کو افغانستان میں ہونے والے انتخابات میں 2500سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں جس میں 447خواتین امیدوار بھی شامل ہیں ۔افغان پارلیمان کی 250نشستوں کیلئے خواتین بھی براہ راست منتخب ہو تی ہیں اور خواتین کی مخصوص نشستیں نہیں ہیں ۔