کراچی سمیت ملک کے35 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج ہونگے

کراچی/ اسلام آباد/ کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/ نمائندگان امت)چاروں صوبوں میں آج قومی اورصوبائی اسمبلی کی 35نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں رات سے ہی پولنگ عملے اور پاک فوج کے جوانوں نے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کا کنٹرول سنبھال لیا ۔کراچی میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ایک ایک حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے پیش نظر شہر بھر میں سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پولنگ اسٹیشن کے اندرداخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ، جبکہ ووٹرز موبائل فون ،لائٹر،ماچس وغیرہ نہیں لے جا سکیں گے۔ گزشتہ روز ریٹرننگ افسران نے پریذائیڈنگ افسران میں بیلٹ باکس ، بیلٹ پیپرز ،سیاہی اور اسٹیشنری وغیرہ تقسیم کی جبکہ سیکورٹی پر مامور پاک فوج کے جوانوں نے ایک روز قبل ہی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں پہنچ کر جائزہ لے کر سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی تھی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کے جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرایاجائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف موقع پر ہی کارروائی کی جائے ۔ اس ضمن میں متعلقہ عملے کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں ۔ آج جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ۔ ان میں کراچی کا ضلع شرقی کی حلقہ 243 بھی شامل ہے ۔ 25 جولائی کے عام انتخابات میں مذکورہ حلقے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کے باعث مذکورہ نشست خالی کی تھی۔ضمنی انتخابات میں مذکورہ حلقے میں اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور متحدہ کے امیدواروں کے درمیان نظر آرہا ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع ملیر میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 87 ملیر ون میں بھی آج انتخاب ہو گا۔ مذکورہ حلقے میں ٹی ایل پی کے امیدوار کے انتقال کے باعث 25جولائی کو انتخابات نہیں ہوسکے تھے۔ مذکورہ حلقے میں اصل مقابلہ پیپلزپارٹی کے ساحل جوکھیوں ، ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے درمیان متوقع ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع خیرپور میں حلقہ پی ایس 30میں ضمنی انتخاب ہوگا۔ مذکورہ حلقہ پی پی کے پیر فضل کے عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے کے باعث خالی ہوا تھا،پیر فضل شاہ نے قومی اسمبلی کی نشست رکھی تھی، انہوں نے عام انتخابات کے دوران فنگشنل لیگ سندھ کے سربراہ پیر صدرالدین شاہ راشدی کو شکست دی تھی ۔مذکورہ حلقے میں اصل مقابلہ پی پی پی اور فنگشنل لیگ کے امیدواروں کے درمیان ہے۔ ملیر اور خیرپور کے حلقوں میں مسلم لیگ ن نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت پی پی پی کے امیدواروں کی حمایت کی ہے ۔دریں اثناآئی جی سندھ سید ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی ہے کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی کے مجموعی عمل کی نگرانی متعلقہ ایس ایس پیز یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں این اے243 میں 1300 پولیس اہلکارسیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ایس ایس پی ایسٹ جہانزیب خان کا کہنا ہے کہ حلقے میں 87پولنگ اسٹیشن حساس ہیں ، جن کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ جبکہ ضمنی الیکشن میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہزار 727 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی ذمہ داری فوج سنبھالے گی اور اہلکار 15 اکتوبر تک سیکورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔قومی اسمبلی کے لیے اسلام آباد سے 1، پنجاب سے 8، سندھ سے 1 اور خیبر پختون سے 1 نشست پر انتخاب ہوگا۔ صوبائی اسمبلیوں کے لیے پنجاب 11، سندھ 2، خیبر پختون 9 اور بلوچستان کے 2 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ضمنی انتخابات کیلئے 661 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، جن میں 16 کے مسترد ہوئے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 35 حلقوں میں 92 لاکھ، 83 ہزار 74 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جبکہ 51 ہزار 235 انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا۔ادھر الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ نے کہاہے کہ پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدار III میں آج ضمنی الیکشن کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔علاوہ ازیں بلوچستان کے دو صوبائی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مستونگ کی نشست پر بی این پی،جمعیت علما اسلام کے مشترکہ حمایت یافتہ آزادامیدوار نواب اسلم رئیسانی ،نیشنل پارٹی کے امیدو ارسردار کمال خان بنگلزئی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار نور احمد بنگلزئی جبکہ وڈھ کی نشست پر بلوچستا ن نیشنل پارٹی کے امیدوار میر اکبر مینگل اور آزاد امیدوار سردار شفیق الرحمان مینگل کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

Comments (0)
Add Comment