کراچی (رپورٹ: افضال احمد) کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ڈکیت گروپ کے 2 کارندوں کوگرفتارکر لیا۔ 10رکنی گروہ درجنوں موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتیں کرنے کے علاوہ ڈکیتیاں بھی کرتا تھا۔ گروپ کا سرغنہ فرار ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قیوم آباد چوکی کے انچارج سب انسپکٹر دوست محمد کو اطلاع ملی کہ علاقے میں گاڑیاں چوری اور چھیننے والے ملزمان موجود ہیں ۔جس پر پولیس پارٹی نےچھاپہ مار کر مکینک ارسلان اقبال اور موٹر سائیکل لفٹر خالد کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ سرغنہ فرار ہوگیا۔ ملزم ارسلان اقبال ولد رمضان قیوم آباد کا رہائشی اور مکینک ہے۔ ملزم کی دکان سے موٹر سائیکل نمبر KT-0980 کا چیسیز برآمد ہوا۔ مذکورہ موٹرسائیکل کی چوری کا مقدمہ نمبر 592/18 درج ہے جو قیوم آباد بی ایریا سے چوری ہوئی تھی جبکہ دکان سے مزید 3 موٹر سائیکلوں کے پرزے ملے ہیں جبکہ ملزم خالد ولد یوسف بھی اسی علاقے کا رہائشی ہے ۔ ملزم اس سےقبل بھی جیل جاچکا ہے جبکہ سرغنہ درمحمد سےمتعلق معلوم ہوا کہ اس نے 2013 میں 8 سالہ بچے کو اغوا کرکے زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا اور جیل جاچکا ہےاب ضمانت پر رہا تھا ۔ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارہے جارہے ہیں۔