ٹرالر الٹنے پر آگ بھڑکنے سے ڈرائیور-کنڈیکٹر زندہ جل گئے

جاتلی(نمائندہ امت) ٹرالر الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر زندہ جل گئے۔حادثہ مندرہ چکوال ایکسپریس وے بھنگالی کے مقام پرپیش آیا۔ جاں بحق ہونے دونوں افراد کا تعلق بنوں سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مندرہ چکوال ایکسپریس وے پر کلر کہار سے راولپنڈی آنے والا سیمنٹ سے بھرا ٹرالر بھنگالی کے قریب گرین بیلٹ سے ٹکرا کر اُلٹ گیا اس پر لوڈ سینکڑوں بوریاں ٹرک کے کیبن پر جا گریں اور ڈرائیو ر عرفان الله اور کنڈیکٹر سخی جان ساکن بنوں لکی مروت کیبن میں بُری طرح پھنس گے اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث ٹرالر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پورے ٹرالر کو اپنی لپیٹ میں لیا جس وجہ سے دونوں بد قسمت ڈرائیور اور کنڈیکٹرکیبن کے اندر ہی جل کر جاں بحق ہو گئے۔بدقسمت گاڑی کلر کہار سے راولپنڈی آرہی تھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ پولیس ٹاہلی موڑ ،وارڈن ،پولیس چوکی سکھو کے افسران و اہلکار اور ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں بروقت جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں کو نکال کر تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا ۔

Comments (0)
Add Comment