کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس87 سے ہارنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار قادر بخش گبول نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساجد جوکھیو کو جتوانے کے لئے پوری مشنری استعمال کی ہے۔ ساجد جوکھیو کا کہنا ہے کہ پی ایس 87 پر عوام نےمسلسل چوتھی بار جتا کر پی پی پر اعتماد کیا ہے ۔امت سے گفتگو میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس87 سے ہارنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار قادر بخش گبول نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساجد جوکھیو کو جتوانے کے لئے پوری مشنری استعمال کی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران میں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں ،سندھ حکومت کے فنڈز،گاڑیوں اور دفاتر کے استعمال پر متعدد مرتبہ الیکشن کمیشن کی توجہ مبذول کرائی تھی ۔حلقے سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ سرکاری امیدوار کو ووٹ دیں ۔میں شواہد اکٹھے کر رہا ہوں اور جلد الیکشن کمیشن سے رجوع کروں گا۔پی ایس 87 سے مسلسل چوتھی بار کامیاب ہونے والے پی پی امیدوار ساجد جوکھیونے کہا کہ یہ حلقہ پی پی کا ہے اور میری جیت یقینی تھی ۔ضمنی الیکشن کی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم رہا پھر بھی بڑے مارجن سے جیت پی پی پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پی پی نے خدمت کر کے عوام کا طرز زندگی بدلا ہے،اس بار بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔