سرکاری اسکولوں کی حالت زار پر لیاری کے مکینوں کا احتجاجی مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری کے سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار پر لیاری پیرنٹس اینڈ سوشل ورکر ایکشن کمیٹی نے محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر لیاری کے کے سرکاری اسکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کیا جائے، سبجیکٹ اساتذہ نہ ہونے سے طالب علموں کونقصان ہورہا ہے۔ گرلز اسکولوں کے اساتذہ کے تبادلے بندکرو، لیاری کے تمام اسکولوں کے لئے اسپیشل گرانٹ کا اعلان کیا جائے۔ شہید بے نظیر بھٹو گرلز کالج اور بیگم نصرت بھٹو کالج میں ایس این ای کے تحت اساتذہ فوری بھرتی کئے جائیں۔ این جی اوز کے تحت چلنے والے سرکاری اسکول ڈی سی ٹی او میں جن اساتذہ کا تبادلہ کیا گیا وہ فوری منسوخ کیا جائے سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے تعلیمی افسران کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ مظاہرے کی قیادت ایکشن کمیٹی کے کنوینر حبیب حسن اور جواد شعیب نے کی ۔ مظاہرین سے خطاب میں انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ لیاری کے تمام سرکاری اسکولوں کے لئے گرانٹ کا اعلان کریں انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے من پسند این جی او کے تحت چلنے والے اسکول کو کروڑوں روپے دیئے ہیں۔ این جی او کے کہنے پر قابل اساتذہ کے تبادلے کئے گئے جبکہ گزشتہ 4سال کا ریکارڈ دیکھا جائے، این جی او کے تحت چلنے والے اسکول ڈی سی او کے ایک طالب علم نے میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایکشن کمیٹی کے تحت بچوں کے بہتر تعلیم اور بہتر مستقل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں ۔

Comments (0)
Add Comment