کراچی (اسٹاف رپورٹر) نذیر حسین یونیورسٹی کے طالب علموں نے صاف اور صحت مند پاکستان مہم کے تحت نارتھ کراچی میں 100 سے زائد پودے لگائے۔ نیم اور مورنگا پودے سیکٹر 11-C میں محمد شاہ قبرستان کے قریب شارع نور جہاں پر لگائے گئے، جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ جامعہ کے بزنس اور منیجمنٹ اسٹڈیز، بی کام سیکشن "بی کے طلبہ نے صحت مندانہ سرگرمی کا بیڑا اٹھایا ہے، جبکہ طلبہ کو یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ حاصل رہا۔ شجر کاری کے موقع پر یونیورسٹی کے مشیر برائے چانسلر سید عامر علی، رجسٹرار عبدالواسع اور ڈپٹی ڈائریکٹر میونسپل کارپوریشن ضلع وسطی برائے پارک آفتاب احمد بھی موجود تھے، جنہوں نے پودا لگانے کے بعد خصوصی دعا کی۔ جامعہ انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ طلبہ درختوں کے پروان چڑھنے تک ان کا خیال رکھیں، کیونکہ درخت صحت مند معاشرے کی ضمانت ہیں اور ان سے آلودگی کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ سید عامر علی نے کہا کہ درخت لگانے کی اس کاوش پر بی کام سیکشن بی کے طلبہ کو سراہا جانا چاہئیے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس بلدیہ وسطی آفتاب احمد نے کہا کہ شہر کو سزسبز بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، جو پودے لگائے گئے ہیں انتظامیہ ان کی حفاظت کرے گی۔ انہوں نے کہا پودوں کی نگہداشت کے حوالے سے میرا دفتر اور اسٹاف حاضر ہے۔ آپ پودوں کی دیکھ بھال میں اگر کوئی غفلت محسوس کریں تو مجھے فوری بتائیں۔ آفتاب احمد نے کہا ہم سب کو اپنے گھروں کے سامنے کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہئیے۔