سعد رفیق -سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا-مشیر وزیر اعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے میڈیا امور افتخار درانی نے (ن) لیگ کے خواجہ برادران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالے جانے کی خبروں کو ’فیک نیوز‘ قرار دے دیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے میڈیا افتخار درانی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور اپنے آپ کو جوابدہ سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر کوئی پریشر نہیں تھا، ہم نے اپنی 100 دن کی کارکردگی کے حوالے سے ویب سائٹ خود لانچ کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز کے حوالے سے کیسز پیمرا کو ریفر کر دیئے ہیں جس میں ایک خبر یہ بھی تھی کہ کچھ شخصیات کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے ہیں حالانکہ ان کے نام ای سی ایل میں نہیں تھے۔افتخار درانی نے کہا کہ اگر کوئی صحافی ذاتی حیثیت سے فیک نیوز چلاتا ہے تو ہم اس کیلئے صحافتی تنظیموں سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ غلط خبر پر اس کے خلاف ایکشن لیا جا سکے۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزارت داخلہ سے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔جس کے بعد دونوں بھائیوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے نام بلیک لسٹ میں شامل کیے گئے تاہم میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ خبر نشر کی گئی تھی کہ ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment