لاہو (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نوازشریف نے ضمنی انتخاب میں شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ نہ ڈال سکے۔ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے سے محروم رہ گئے،سابق وزیراعظم اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ کے مقررہ وقت ختم ہونے سے کچھ منٹ قبل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ پولنگ اسٹیشن پہنچے تو کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ نوازشریف کی گاڑی پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور شیر آیا ،شیر آیا کے نعرے لگائے، گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے میاں نوازشریف نے کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا۔نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور سلمان شہباز بھی ہمراہ تھے۔نوازشریف ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن کے اندر گئے تو ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھا جس پر انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ بغیر ووٹ ڈالے واپس آگئے، نوازشریف شناختی کارڈ گھر ہی بھول آئے تھے۔واضح رہے کہ اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان مدمقابل ہیں، این اے 124 میں عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف کامیاب ہوئے تھے۔ ان کے نشست چھوڑنے کی وجہ سے اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔