مظفر گڑھ میں ماں نے بیٹے کو7 ہزار ووٹوں کی برتری سے ہرادیا

مظفر گڑھ(امت نیوز) ایوانوں کی سیاست ضمنی انتخابات میں ماں اور بیٹے کو بھی آمنے سامنے لے آئی مظفر گڑھ کے حلقے پی پی 272 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی زہرا بتول کے مدمقابل ان کا چھوٹا بیٹا ہارون سلطان بخاری آزاد امیدوار بن کر سامنے آگیا تاہم جیت ماں کے حصے میں آئی جو 7ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئیں۔ زہرا بتول کو 24019 ووٹ ملے جب کہ ہارون احمد سلطان 17072 ووٹ حاصل کرسکے۔ ہارون سلطان نے عام انتخابات کے دوران بھی خاتون امیدوار کو ووٹ دینا حرام قرار دیا تھا ۔جس کی وجہ سے این اے 184 سے ان کی بھابھی زہرا باسط سلطان تیسرے نمبر پر بھی نہ آسکیں۔مذکورہ نشست پی پی امیدوار نوابزادہ افتخار احمد خان جیت گئےآزاد امیدوار ملک احمد کریم لنگڑیال، دوسرے جب کہ جمشید احمد دستی تیسرے نمبر پر رہے۔ذرائع کے مطابق زہرا بتول کے شوہر سید عبداللہ شاہ بخاری تاحیات پورے علاقے کے فیصلے اپنے ڈیرے پر کیا کرتے تھے بڑے بیٹے باسط سلطان کو ایم این اے اور چھوٹے بیٹے ہارون سلطان کو صوبائی سیٹ پر لڑاتے رہے۔ لیکن وہ اپنے خاندانی مسائل حل نہ کر سکے جو ان کی وفات کے بعد کھل کر سامنے آ ئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment