کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے احکامات پر سندھ کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں آج شام 4 صوبائی وزراء حلف اٹھائیں گے جبکہ 2 مشیروں کی تقرری بھی ہوگی۔ توسیع کے بعد صوبائی وزرا کی تعداد 16 اور مشیروں کی تعداد 4 ہوجائے گی۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد حکومت سندھ نے سندھ کابینہ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں آج شام ساڑھے چار بجے گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ گورنر سندھ ان سے حلف لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 نئے وزراء میں تیمور تالپر، ریاض حسین شاہ شیرازی اور میر قادر مگسی کے نام بھی شامل ہیں۔ جبکہ 4 نئے وزراء کی حلف اٹھانے کے بعد صوبائی وزراء کی تعداد 12 سے بڑھ کر 16 ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے مطابق سندھ میں وزراء کی تعداد 18 تک ہے اور وزیراعلیٰ کے مشیروں کی تعداد 5 تک ہونے کی گنجائش ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء کے حلف اٹھانے کے ساتھ آج 2 نئے مشیروں کی تعداد کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے شیرازی برادرن سے یہ وعدہ کیا تھا کہ حکومت بننے کی صورت میں انہیں سندھ کابینہ میں شامل کیا جائے گا پہلے دو مراحل کے اور ان شیرازی برادرن کو کابینہ میں شامل نہ کرنے پر انہیں تحفظات تھے اب انہیں کابینہ میں شامل کرکے ان کے تحفظات ختم کئے جائیں گے۔