ریٹائرڈ ملازم نرسنگ اسکول میں بدستور ایڈمنسٹریٹر تعینات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قومی ادارہ صحت برائے اطفال ( این آئی سی ایچ ) کے نرسنگ اسکول میں ریٹائرڈ ملازم بدستور یڈمسٹریٹر تعینات ہےذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے ریٹائرڈ افسر کو غیر قانونی طور پر برقرار رکھ کر سیزن کمانے کا موقع دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں انتظامی سرپرستی میں سنگین بے قاعدگی کا انکشاف ہوا ہے ۔نرسنگ اسکول میں بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات محمد شفیق 8 اگست 2018 کو ریٹائرڈ ہو گئے تھے لیکن اسپتال انتظامیہ نے نئے ایڈمنسٹریٹرکے بجائے انہیں ہی عہدے پر برقرار رکھا ہو ا ہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی دو ماہ گذرجانے کے باوجود اسپتال انتظامیہ اور نرسنگ اسکول کی پرنسپل کی ملی بھگت سے تمام معاملات غیر قانونی طور پر چلارہے ہیں جس سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ذرائع کےمطابق آج سے نرسنگ اسکول میں داخلے شروع ہو رہے ہیں اور انتظامیہ نے سابقہ ایڈمنسٹریٹر کو غیر قانونی تعینات رکھ کر سیزن کمانے کا موقع دیا ہے اور داخلےمکمل ہوتے ہی نئے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کی جائے گی ۔ اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے ڈائریکٹر این آئی سی ایچ پروفیسر جمال رضا سے متعدد بار کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہو سکا ۔

Comments (0)
Add Comment