حب ( رپورٹ/عبدالغنی رند) گڈانی شب بریکنک یارڈ کے پلاٹ نمبر 9/10 میں لنگر انداز ہونے والے ناکارہ بحری جہاز میں کٹائی کے دوران خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 7 مزدور جھلس کر شدید زخمی ہوگئے، حادثہ بحری جہاز کے پمپ میں آئل موجود ہونے کے سبب پیش آیا۔ اتوار کے روزگڈانی شب بریکنک یارڈ کے پلاٹ نمبر 9/10 میں کھڑے ناکارہ بحری آئل ٹینکر جہاز میں کٹائی کے کام کے دوران جہاز کے انجن پمپ میں صفائی نہ ہونے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی ، جس کے نتیجے میں جہاز کے اندر کام میں مصروف 7 مزدور جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔ جن میں عبدالقیوم ولد بہادر خان ، جان خالق ولد نصیب زداہ، محمد دین ولد کامل خان ، محمد عظیم ولد اللا وسایا، محمد جبار ولد عبداللہ، احسان ولد بہادر خان، اور محمد اکرم ولد محمد اسلم شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی گڈانی میونسپل کمیٹی ، میونسپل کارپوریشن حب اور لیڈا کی فائریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں ، جہاں فائریگیڈ کے عملے نے ناکارہ بحری جہاز میں لگنے والی آگ پر کئی گھٹنوں کے مسلسل کوشش کے بعد پر قابو پالیا گیا۔ اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ ناکارہ بحری جہاز میں اس وقت آگ لگی کہ مزدور کٹائی کررہے تھے ، پلاٹ میں سہولیات کی فقدان کے باعث محنت کش جھلس گئے اور مزدوروں کو بڑی مشکل کے ساتھ جہاز کے اندر سے باہر نکالا گیا، جبکہ پلاٹ مالک عالم خان اور اس کا بیٹا احمد خان افغانی بحری جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع پر گرفتاری سے بچنے کے لیے کراچی فرار ہوگئے۔ناکارہ بحری جہاز میں آگ لگنے کی فوری اطلاع گڈانی پولیس تھانہ کے ایس ایچ او محمد جان بلوچ کو دی گئی۔جس پر انھوں نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ کر جھلس جانے والے مزدوروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ بعدازاں مزید علاج کے لیے ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ،جبکہ زخمیوں کا تعلق کے پی کے سے بتایا جاتا ہے۔