اسلام آباد (امت نیوز)انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اپنی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے دورہ پاکستان سے انکار کر دیا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے سیریز سری لنکا یا جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلنے کے لئے رابطے کر رہے ہیں۔ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم جب تک پاکستان کے دورے پر نہیں آئے گی، پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں جائے گی۔ اتوار کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ رواں سال جنوری میں دبئی میں ہونے والے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے دوران پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور بھارتی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے کے درمیان ایک معاہدہ طے ہوا تھا۔