خود کش بمبار کی اطلاع پر ترکی میں ایرانی سفارت خانہ خالی

انقرہ (خبر ایجنسیاں) ترکی میں ایرانی سفارتخانہ خودکش حملے کے خطرے کے پیش نظر خالی کرالیا گیا۔ عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ مبینہ خودکش بمبار کے سفارتخانے میں داخل ہونے کی اطلاعات کے بعد ایرانی سفیر اور دیگر عملے کو باہر نکال لیا گیا۔ ترک دارالحکومت میں ایرانی مشن کو ممکنہ خودکش حملے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا، خودکش حملے کے خدشے سفارتخانے کے اطراف کی سڑکیں بند کرکے گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔ دوسری جانب ایران نے انقرہ میں اپنے سفارتخانے پر خودکش حملے کے خطرے کو رد کردیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے سفارتخانہ خالی کرانے کے اقدام کی شدید تنقید کی ہے۔ 2015 اور 2016 میں ترکی میں متعدد خودکش حملے ہوئے تھے جن کی ذمہ داری کرد جنگجوؤں اور داعش نے قبول کی تھی۔داعش نے آخری حملہ جنوری 2017 میں استنبول میں سال نو کی تقریب پر فائرنگ کا واقعہ تھا،جس میں 39 افراد مارے گئے تھے۔

Comments (0)
Add Comment