لاڑکانہ (امت نیوز) لاڑکانہ میں سبزی فروش نے کلہاڑی کے وار سے کمسن مزدور ملازم تشدد کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے بھی واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ شاہ علی ماری گاؤں کا مکین مقتول وقاش کوہلی ملزم بھیکو کوہلی کے پاس ملازم تھا۔ جو اسکول سے واپس آنے کے بعد کام پر جایا کرتا تھا۔ ہفتے کے روز مقتول کام پر نہیں آیا، تو اتوار کو ملزم بھیکو کوہلی وقاش کے گھر پہنچ گیا۔ ملزم نے وقاش کو کھیتوں میں لے جا کر کلہاڑی کے وار کئے جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ بچے کے چیخنے چلانے پر قرب جوار کے رہائشی مقتول کی والدہ رادھن کوہلی کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے تو وقاش کی میت خون میں لت پت پڑی تھی، مقامی افراد نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔ مقتول کی میت لیاقت یونیورسٹی اسپتال منتقل کی گئی جسے بعد ازاں ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔