پاکستان دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے- صدر مملکت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے جوہری تجربات خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں اور دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دفاع کو مضبوط بنا کر ہی دیرپا امن کا قیام ممکن ہے لیکن پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کا حامی ہے اور عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازع کی بنیادی وجہ ہے لہذا اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سمیت عالمی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ان کا کہنا تھا کہ جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے اور جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں میں پاکستان متعلقہ اداروں سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

Comments (0)
Add Comment