کراچی(بزنس رپورٹر)تاجر برادری کے مختلف چیمبرز پر مشتمل ایف پی سی سی آئی کے رہنماوٴں کے درمیان اختلاف رائے کے باعث تاجر برادری کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کے سدباب کے لیے متحد ہوکر حکومت کو تجاویز اور مشورے پیش نہیں کئے جاسکتے تھے، بلکہ تاجر رہنماوٴں کے درمیان گروہ بندی کی وجہ سے مسائل مزید پیچیدہ ہوتے جارہے تھے جس کے باعث تاجر و صنعت کاروں میں تشویس پائی جاتی ھی۔اس صورتحال سے نکلنے کے لیے معروف تاجر رہنمائوں عبدالرحیم جانو اور محمد یحیٰی پولانی نے شہرت یافتہ عقیل کریم ڈھیڈھی کی زیر سرپرستی تاجر رہنماوٴں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا عزم کیا تھا، جب کہ نامور تاجر رہنما ایس ایم منیر نے بھی تعاون کیا۔گزشتہ روز عقیل کریم ڈھیڈھی کی رہائشگاہ پر ایس ایم منیر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ملک بھر کے مختلف چیمبرز کے رہنماوٴں کے علاوہ کاروباری حضرات نے بھی شرکت کی۔شرکا انجم نثار ،خالد ایس تواب، زبیر طفیل ،مہتاب چاولہ و دیگر نے تاجر برادری کے اتحاد کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے پر عقیل کریم ڈھیڈھی کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر تاجر رہنماوٴں نے پی ٹی آئی حکومت کے کرپشن کے خاتمے کے علاوہ ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی کے لئے دعا کی۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی حلقہ 247 کے امیدوار آفتاب احمد صدیقی اور رکن قومی اسمبلی الطاف جہانگیر سمیت شہر کی معزز شخصیات کے ساتھ کراچی چیمبر کے ممبران بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔پاکستان بزنس مین گروپ کے رہنما محمد یحیٰی پولانی نے کے سی سی آئی کے حالیہ انتخابات میں غیر مشروط حمایت کرنے پر ایس ایم منیر اور خالد تواب سمیت یونائٹیڈ بزنس مین گروپ کے رہنماوٴں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجر و صنعت کار برادری کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے مستقبل میں مل جل کر ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد کے لئے یو بی جی اور پی جی بی کے انضمام کا اعلان کیا۔انجم نثار نے اپنے گروپ کی جانب سے مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دھانی کروائی۔تاجر برادری نے ملکی معاشی و اقتصادی حالت مستحکم کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت کو جلد بازی سے اقدامات نہ اٹھانے اور ملک کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے تاجر برادری کو اعتماد میں لینے پر اصرار کیا۔عبدالرحیم جانو نے کہا کہ تجارتی چیمبرز اور فیڈریشن میں ہم سب ایک ساتھ مل کر مخلصانہ طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔خالد تواب نے عبدالرزاق داوٴد کی تعریف کی۔