کرک (مانیٹرنگ ڈیسک) مولانا فضل الرحمان حادثے میں بال بال بچ گئے۔ قافلے میں شامل پولیس گاڑی بس سے ٹکرا گئی، 3 پولیس اہلکار اور بس کے 7 مسافر زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بنوں میں زاہد اکرم درانی کو کامیابی پر مبارکباد دینے گئے تھے۔ بنوں سے اسلام آباد واپسی پر کرک تنگوڑی چوک کے قریب انڈس ہائی وے پر ان کے قافلے میں شامل پولیس گاڑی بس سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی اس دوران مولانا فضل الرحمن کی تیز رفتار گاڑی بھی حادثے کی شکار گاڑیوں سے ٹکرائی اور اس دوران وہ بس کے نیچے آنے سے بال بال بچ گئی ۔حادثے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔مسافر بس پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو کرک ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن بحفاظت اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔