نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں پنجاب کے 10شہروں کا اضافہ

لاہور(امت نیوز) حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں پنجاب کے مزید 10 شہروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ان شہروں میں رجسٹریشن اگلے برس شروع ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کو رہائش فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت پانچ سال میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی‘‘ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں رجسٹریشن فارم بھی نادرا کی ویب سائٹ پر جاری کردیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 7 اضلاع میں پراجیکٹ شروع کیا جا رہا تھا، جن میں اسلام آباد، سکھر، گلگت، مظفر آباد، کوئٹہ، سوات اور فیصل آباد شامل تھے۔تاہم اب حکومت نے پنجاب کے مزید 10 شہروں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت فیصل آباد میں بننے والے پائلٹ پراجیکٹ کے سروے کے لیے جانے والی ٹیم نے اپنی سفارشات کمیٹی کو پیش کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر بننے والے اس پائلٹ پراجیکٹ میں دو منزلہ گھر تعمیر ہونگے جس کے لیے وفاقی ہاؤسنگ ٹاسک فورس اور حکومتِ پنجاب نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور بہت جلد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال کے شروع میں مزید 10 شہروں کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ ان میں لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم، بہاولپور، لیہ، ملتان، وہاڑی اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے رجسٹریشن اگلے سال کے آغاز میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان گھروں کی تعمیر میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔اگلے سال کے شروع میں بے گھر افراد سے ان 10شہروں میں رجسٹریشن کے لئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔وفاقی ہاؤسنگ ٹاسک فورس اور پنجاب حکومت نے منصوبے کی ابتدائی تیاری مکمل کرلی ۔

Comments (0)
Add Comment