زمینوں پر قبضوں سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب منشا بم گرفتار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی؍امت نیوز) زمینوں پر قبضوں سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب منشا بم سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتارکرلیاگیا،،منشابم کوتحویل میں لینے کے لیے لاہورپولیس کی ٹیم اسلام آبادپہنچ گئی جبکہ ملزم کاکہناہے کہ میرے خلاف کارروائی سیاسی دشمنی کا نتیجہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیاکامبینہ سرغنہ منشابم کواسلام آبادپولیس نے سپریم کورٹ کےباہرسے گرفتارکرلیا۔ملزم کو گرفتاری کے بعد تھانہ سیکریٹریٹ پہنچا دیا گیا جبکہ منشابم کوتحویل میں لینے کے لیے لاہورپولیس کی ٹیم اسلام آبادپہنچ گئی ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید خرم علی نے کہا ہے کہ ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب ہے، اس سلسلے میں ہم اسلام آباد پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منشا بم کے خلاف قتل، اقدام قتل، لڑائی جھگڑوں اور زمینوں پر قبضوں کے مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے تفتیش کی جائے گی۔قبل ازیں سپریم کورٹ پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے منشا بم نے کہا کہ گرفتاری دینے کے لیے سپریم کورٹ آیا ہوں اور پولیس سے چھپ کر چیف جسٹس کے سامنے پیش ہونا ہے۔منشا بم نے کہا کہ اگر چیف جسٹس نہ ملے تو انتظار کروں گا، میں خاندانی بندہ ہوں، کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق گرفتاری دینے اور خود کو عدالت کے حوالے کرنے آیا ہوں، میں کوئی قبضہ گروپ نہیں بلکہ مجھے وراثت میں جائیداد ملی ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور شریف خاندان پر الزام لگایا کہ انہوں نے میرے ساتھ زیادتی کی۔منشا بم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے بدنام کرنے کے لیے میرا نام بم رکھا جبکہ سیاسی دشمنی کی وجہ سے میرے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment