شارع فیصل پر موٹر سائیکل ٹریک بنانے کیلئے تجاوزات کیخلاف آپریشن -10گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع فیصل پر موٹر سائیکل ٹریک بنانے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ عملے نے ملیر ہالٹ پر آپریشن کرتے ہوئے درجنوں ٹھیلے، پتھارے اور کیبن ضبط کرلیے، جب کہ گرین بیلٹ پر قائم غیر قانونی دکانوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔آپریشن میں مزاحمت پر 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔آپریشن کے دوران 6 کلومیٹر تک علاقہ کلیئر کرالیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے محکمہ انسداد تجاوزات عملے نے شارع فیصل ملیر ہالٹ سے میٹرو پول ہوٹل تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے درجنوں ٹھیلے ،پتھارے،کیبن ،گنے کی مشین اور ہوٹلوں کا سامان ضبط کرلیا۔کارروائی میں اعلیٰ افسران،سٹی وارڈن سمیت 10 سے زائد تھانوں کے ایس ایچ اوز نے حصہ لیا۔اس دوران گرین بیلٹ پر قائم دکانوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔اس دوران پتھارا مافیا اور دکانداروں نے مزاحمت کی اور عملے کےساتھ ہاتھا پائی کی نوبت بھی آئی۔پولیس نے مزاحمت کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔امت کو ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا کہ کچھ روز قبل میئر کراچی،ایڈیشنل آئی جی اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کی ملاقات میں طے کیا گیا تھا کہ شارع فیصل پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے 3 میٹر چوڑی الگ لین بنائی جائے گی۔میئر کراچی نے سڑکوں سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی، تاہم اب اگر کسی بھی سڑک پر تجاوزات قائم ہوگی، تو اس کا ذمہ دار متعلقہ تھانہ ہوگا۔ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے شہید ملت لیاقت علی خان کی برسی پر ان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملیر ہالٹ تا میٹروپول شارع فیصل کی خوبصورتی اور شاہراہ کے ایک جانب موٹرسائیکل ٹریک کی تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا، جبکہ محکمہ انسداد تجاوزات نے بھی آپریشن شروع کردیا ہے۔اس ٹریک پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار داخل نہیں ہوسکے گا۔آپریشن کے دوران 6 کلو میٹر تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment