7افراد کا قاتل فشری سے پکڑا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایس آئی یو سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر فشری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر تیموریہ میں دکان پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو موت کی نیند سلادیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی اے اور ایس آئی یو پولیس کی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر فشری کے قریب کارروائی کرکے ملزم شہر یار عرف حذیفہ ولد عبدالابرار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں علی حسن، عامر، آصف، رزاق افغانی اور حافظ ریحان کے ساتھ ملکر مختلف علاقوں میں متعدد قتل اور اقدام قتل کی وارداتیں کی ہیں۔ملزم نے بتایا کہ 2010 میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں پرندوں کے تاجر عرفان کو قتل کیا۔2011 میں کریم آباد پل کے نیچے ایک شخص کو قتل کیا۔اسی برس اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک شخص انوار الاسلام ولد نور الاسلام کو گولیاں مار کر ہلاک کیا۔اس دوران خاتون فاطمہ دختر ظفر عباس بھی زخمی ہوئی تھی۔2011 میں ہی اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ارم شاپنگ سینٹر میں گروسری کی دکان میں موجود 3 افراد اویس راجہ، راحیل اور صلاح الدین کو گولیاں مارکر ہلاک کیا، جس کا مقدمہ الزام نمبر 433/11 بجرم دفعہ 302/34 ت پ تھانہ تیموریہ میں درج ہے۔ملزم نے مزید بتایا کہ 2015 میں ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دستگیر تعلیمی باغ کے قریب سیاسی دشمنی پر عبید نامی شخص کو قتل کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment